بالاپور گنیش لڈو کا 18.90 لاکھ روپئے میں ہراج

   

حیدرآباد ۔ /19 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کا مشہور و روایتی بالاپور گنیش کے لڈو کا 18 لاکھ 90 ہزار میں ہراج کیا گیا اور یہ اب تک کا ریکارڈ ہے۔ 21 کیلو لڈو کے ہراج کا آغاز آج صبح بالاپور گنیش اُتسو سمیتی کی جانب سے کیا گیا اور اس کو حاصل کرنے نادرگل سے تعلق رکھنے والے مری سیشانک ریڈی نے آندھراپردیش کڑپہ کے رکن قانون ساز کونسل رمیش یادو کے ہمراہ اس لڈو کو حاصل کرلیا ۔ لڈو کے ہراج کا آغاز 1116 روپئے سے ہوا اور اس میں 35 افراد نے حصہ لیا ۔ بالاپور گنیش اُتسو سمیتی کی روایت ہے کہ اگر کوئی مقامی شخص اس لڈو کو ہراج میں حاصل کرتا ہے تو اس رقم کی ادائیگی کیلئے ایک سال کی مدت مل جاتی ہے جبکہ غیرمقامی شخص کو اُسی وقت ہراج کی رقم ادا کرنی ہوتی ہے ۔ گزشتہ سال کے تقابل سے اس سال لڈو کے ہراج میں 1 لاکھ 30 ہزار کا فائدہ ہوا ہے ۔ سال 2020 ء میں کورونا وائرس وباء کے پیش نظر مرکزی گنیش جلوس نہیں نکالا گیا تھا اور ہراج بھی نہیں ہوا تھا ۔