نئی دہلی 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر سیام پتروڈا نے آج حکومت سے استفسار کیاکہ وہ بالاکوٹ فضائی حملوں پر ’’مزید حقائق‘‘ کو واضح کرے اور کہاکہ اُنھیں وزیراعظم نریندر مودی کے اس ردعمل پر حیرانی ہوئی ہے کہ بالاکوٹ حملہ پر اپوزیشن غیر ضروری مسئلہ بنارہی ہے۔مودی نے میرے سوال کا راست جواب نہیں دیا۔ پتروڈا نے یہ بھی کہاکہ کیا ہی اچھا ہوتا کہ اس مسئلہ پر بحث کی جائے، غور و خوض اور بات چیت کرتے ہوئے تفصیلات واضح کئے جائیں۔ یہ کسی کے خلاف حرف زنی نہیں ہے بلکہ سادہ سے سوال ہے کہ آخر بالاکوٹ میں حملے ہوئے ہیں تو ان کے مزید حقائق کو سامنے لایا جائے۔ میں چاہتا ہوں کہ وزیراعظم مودی اپنے دعوے پر مزید حقائق کو پیش کریں۔ میں یہ تو نہیں جانتا کہ آخر اس مسئلہ پر اُلجھن کیوں پیدا ہوئی ہے۔ جمہوریت میں ہر کسی کو سوال کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ یہ بہتر ہوتا کہ اگر حکومت اس مسئلہ پر بحث کرے، تبادلہ خیال کرتے ہوئے معاملہ کو مزید واضح کرے۔