کوکٹ پلی ملاوٹی سیندھی معاملہ میں لاپرواہی کا شاخسانہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : کوکٹ پلی ملاوٹی سیندھی معاملہ میں ایکسائز پولیس کے رول پر شبہات کے بعد آج کارروائی کی گئی ۔ بالا نگر ایکسائز ایس ایچ او وینو کمار کو معطل کردیا گیا ہے ۔ جب کہ دیگر عملہ کے خلاف تحقیقات جاری ہیں ۔ ایکسائز پولیس پر لاپرواہی کے الزامات پائے جاتے ہیں ۔ ایکسائز پولیس کی مجرمانہ غفلت کے سبب 5 شہریوں کی موت واقع ہوگئی اور دیگر 27 افراد زیر علاج ہیں ۔ جن میں چند کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے ۔ محکمہ آبکاری نے آج عملہ کے خلاف کارروائی کو انجام دیا ۔ اسٹیشن ہاوز افیسر کو معطل کرنے کے علاوہ ڈی ٹی ایف نرسی ریڈی ، اے ای ایس مادھاوایا ، ای ایس فیاض اور اے ای ایس جیون کرن کے رول پر تحقیقات جاری ہیں ۔ کوکٹ پلی کے اس سانحہ کے بعد سیندھی کمپاونڈ سے نمونے حاصل کرتے ہوئے انہیں لیاب کو روانہ کیا گیا ۔ سیندھی کمپاونڈ سے حاصل کردہ سیندھی کی لیاب میں جانچ کی جائے گی چونکہ ابتدائی تحقیقات میں پولیس اور ایکسائز کو پتہ چلا ہے کہ سیندھی میں کیمیکل ملائے گئے ہیں جس کے سبب اموات واقع ہوئی ہیں ۔۔ ع