بالا نگر فلائی اوور کا کام تیزی سے جاری

   

Ferty9 Clinic

لاک ڈاؤن کے دوران شہر میں زیر التواء پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا بہتر موقع
حیدرآباد۔12 مئی (سیاست نیوز) ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد میں شہری اداروں کو لاک ڈاؤن میں تمام جاری اور زیر التوا پراجکٹس کو ختم کرنے اور اس میں تیزی لانیکا بہترین موقع ملا ہے۔لاک ڈاؤن میں توسیع کے ساتھ ہی تمام گاڑیاں سڑکوں پر آنا بندہو گئیں جس کا فائدہ اٹھاکرگریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے سڑکوں کی مرمت کے کام میں تیزی لادی ہے۔ حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایچ ایم ڈی اے) اب بالانگر فلائی اوور کے کاموں کو تیز ی سے انجام دے رہی ہے۔ جی ایچ ایم سی نے 40 دن میں چار مہینیکا کاموں کو انجام دیا ہے۔مزید اہم بات یہ ہے کہ فلائی اوور پر اگست تک آمد ورفت شروع کرنے کے لئے تمام کوششیں کی جارہی ہیں۔اراضی کے حصول میں تاخیر ، ٹریفک ریگولیشن اور دیگر وجوہات کی وجہ سے فلائی اوور پر کام سست روی کا شکارہو رہا تھا لیکن اب ، جی ایچ ایم سی نے زمین اور جائیداد کے حصول اور 357 ڈھانچے کو منہدم کرنے کے ساتھ ہی ، ایچ ایم ڈی اے سول ورکس کو جنگی بنیادوں پر انجام دے رہا ہے۔میونسپل انتظامیہ اور شہری ترقیاتی وزیر کے ٹی راما راؤ نے چند روز قبل فلائی اوور کے کاموں کا معائنہ کیا تھا اور ایچ ایم ڈی اے حکام کو ہدایت دی تھی کہ وہ لاک ڈاؤن کا صحیح استعمال کریں۔ انہوں نے عہدیداروں کو لاک ڈاؤن کے دوران زیادہ سے زیادہ کام مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ایچ ایم ڈی اے نے فاؤنڈیشن اورستون کے کام مکمل کرلیے ہیں اور اب اس میں سلیب اور ریمپ کام شروع ہورہے ہیں۔ عام طور پر ایک فاؤنڈیشن سے متعلق کام مکمل کرنے میں 10 دن لگتے ہیں لیکن لاک ڈاؤن کے دوران ، ایچ ایم ڈی اے تقریبا 30 دنوں میں سات بنیادیں مکمل کرنے میں کامیاب ہے۔ایچ ایم ڈی اے 387 کروڑ روپے کی لاگت سے 1.13 کلومیٹر فلائی اوورتعمیر کررہا ہے۔ اس میں سے 265 کروڑ روپئے اراضی کے حصول کے لئے مختص ہیں اور باقی سول کاموں کا بجٹ ہے۔چھ لین فلائی اوور 24 میٹر چوڑا ہوگی۔ حکام نے کہا کہ عمارت کے نیچے کیریگ وے کو بھی 30 میٹر سے 45 میٹر تک چوڑا کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کا آسانی سے بہاؤ ہوسکے۔