بالکل نہیں لگا کہ نکی اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہیں:دیپتی

   

رائے پور، 17 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان نے جمعہ کو رائے پور میں جب زمبابوے کو 114 رن پر روک دیا تو ایسا لگا کہ ٹارگٹ کا تعاقب آسان ہوگا، لیکن ایسا بالکل نہیں ہوا۔ آف اسپنر نیاشا گوانزورا دوسرے اوور میں گیند بازی کرنے آئیں اور اپنے ابتدائی 2 اوور میں 3وکٹ حاصل کئے ۔ صرف 19کے اسکور پر ہندوستانی ٹیم 4 وکٹ گنوا چکی تھی ۔ تاہم، دیپتی شرما اور نکی پرساد کے درمیان 82 رن کی شراکت ہوئی اور میزبان ٹیم نے پہلا ٹی 20مقابلہ 4 وکٹوں سے جیت لیا، جبکہ 26 گیندیں باقی تھیں۔ تجربہ کار دیپتی نے 37 گیندوں پر 49 رن بنائے ، جبکہ ہندوستان کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والی نکی نے 35 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 39 رن کی اننگز کھیلی۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں دیپتی نے کہا کہ نکی نے بہت اچھی بلے بازی کی۔ سچ کہوں تو بالکل نہیں لگا کہ وہ اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہیں۔ ایسا لگا کہ وہ اس سے پہلے بھی ملک کیلئے کئی میچ کھیل چکی ہیں۔ کسی نوجوان کھلاڑی میں ایسا اعتماد دیکھنا شاندار ہے ۔ جب ٹیم کو ضرورت ہو، شراکت قائم کرنا اور مشکل حالات سے ٹیم کو جیت دلانا بہت بڑی بات ہے۔