بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے بنگلے پر بدھ کے روز کرائم برانچ نے اچانک چھاپہ مارا۔ کرائم برانچ نے سلمان خان کے بنگلے سے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جو پچھلے 20 سال سے ان کے بنگلے کی دیکھ بال کر رہا تھا۔ پکڑا گیا شخص ممبئی کا مطلوب مجرم ہے اور پولیس پچھلے 29 سال سے اس کی تلاش تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ سلمان خان کے گورائی واقع بنگلہ سے شکتی سدھیشور رانا نام کے مطلوب مجرم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 62 سال کے اس شخص کے سلمان خان کے گورائی واقع بنگلے پر کام کرنے کی اطلاع ممبئی پولیس کو ملی تھی۔ ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کی یونٹ 4 نے مخبر کی اطلاع کی بنیاد پر سلمان خان کے بنگلے پر چھاپہ مارا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کو دیکھتے ہی رانا نے بنگلے سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکا۔
پولیس نے بتایا کہ رانا اور اس کے کچھ ساتھیوں کو پولیس نے 1990 میں چوری کے ایک معاملہ میں گرفتار کیا تھا۔ بعد میں ملزم ضمانت پر باہر آ گیا اور پولیس کو چکمہ دے کر چھپتا رہا۔
بتایا جاتا ہے کہ رانا کو عدالت کی طرف سے کئی بار پیش ہونے کو بھی کہا گیا لیکن وہ کبھی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ اس کے بعد عدالت نے ملزم کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا۔ رانا کے اس طرح اچانک غائب ہونے کے بعد بھی پولیس ملزم کی تلاش کرتی رہی۔ اسی دوران اسے اطلاع ملی کہ رانا اداکار سلمان خان کے گھر پر کام کر رہا ہے۔