بالی ووڈ اسٹار عمران ہاشمی 47 برس کے ہوگئے

   

ممبئی، 23 مارچ (یو این آئی) بالی ووڈ کے مشہور اداکار عمران ہاشمی آج 47 برس کے ہو گئے ہیں۔چوبیس مارچ 1979 کو پیدا ہوئے عمران ہاشمی بالی ووڈ کے مشہور فلمساز مہیش بھٹ اور مکیش بھٹ کے بھتیجے ہیں۔ عمران کے والد انور ہاشمی بھی ایک اداکار تھے ۔ انہوں نے فلم ‘بہاروں کی منزل’ میں بطور اداکار کام کیا جبکہ عمران کی والدہ ماہرہ ہاشمی ملٹی نیشنل کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں۔ عمران کی دادی پورنیما چالیس کی دہائی کی مقبول اداکارہ تھیں۔عمران ہاشمی نے بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر وکرم بھٹ کی فلم راز سے اپنے کیریر کا آغاز کیا جو سال 2002 میں ریلیز ہوئی تھی۔ بطور اداکار عمران ہاشمی نے اپنے کیرئیر کا آغاز سال 2003 میں ریلیز ہوئی فلم ‘فٹ پاتھ’ سے کیا۔2004 میں عمران ہاشمی کو فلم ‘مرڈر’ میں کام کرنے کا موقع ملا۔’مرڈر’ کی کامیابی کے بعد عمران ہاشمی کی تصویر فلم انڈسٹری میں ‘کسنگ کنگ’ کے طور پربن گئی اور فلمسازوں نے اپنی فلموں میں اس امیج کا فائدہ اٹھانا شروع کردیا۔ سال 2008 کی فلم ‘جنت’ کا شمار ان کے کیریئر کی اہم فلموں میں ہوتا ہے ۔ اس فلم کے ذریعے عمران نے کرکٹ میں ہونے والی سٹے بازی کو دکھانے کی کوشش کی تھی۔ عمران ہاشمی نے ‘دی ڈرٹی پکچر’، ‘جنت 2’، ‘مرڈر 2’ اور ‘راز 3’ جیسی سپرہٹ فلموں میں بھی کام کیا۔سال 2021 میں عمران ہاشمی نے میگا اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ‘چہرے ‘ میں کام کیا۔ سال 2023 میں عمران ہاشمی نے سلمان خان کے ساتھ ‘ٹائیگر 3’ میں کام کیا۔ عمران ہاشمی ان دنوں ویب سیریز میں کام کر رہے ہیں۔