بالی ووڈ کے بڑے ایوارڈ ’’دادا صاحب پھالکے‘‘ کا قرض!

,

   

مرکزی وزیر امیت شاہ کی موجودگی میں مغربی بنگال الیکشن 2026ء کو خونریز بنانے متھن چکرورتی کی دھمکی

حیدرآباد ۔یکم۔نومبر (سیاست نیوز)نکسلی گروپ کے مبینہ رکن سے بالی ووڈ ایکٹر اور پھر سیاسی میدان میں قدم جمانے کی بے ہنگم کوششوں کے دوران موجودہ مرکزی بی جے پی قیادت کے ہتھے چڑھ جانے والے متھن چکرورتی نے مغربی بنگال میں فرقہ وارانہ ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کرتے ہوئے اشتعال انگیز بیان دیا ہے۔گزشتہ ماہ متھن چکرورتی کو بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت نے ہندوستانی فلموں کا اعلیٰ ایوارڈ ’’دادا صاحب پھالکے‘‘ دینے کا اعلان کیا تھا۔ مغربی بنگال میں بی جے پی کی رکنیت سازی مہم کے افتتاح کی تقریب ہوئی جس میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ شریک تھے۔ متھن چکرورتی نے بالی ووڈ میں اداکاری کے ذریعہ تمام طبقات کی بلا لحاظ مذہب و ملت تائید اور سرپرستی حاصل کی مگر اب وہ بی جے پی کے اسٹیج سے مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے لگے ہیں۔ مغربی بنگال میں بی جے پی کو مستحکم کرنے کیلئے متھن چکرورتی کو اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔ امیت شاہ کی موجودگی میں متھن چکرورتی نے بی جے پی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ دوسرے مذہب کے ماننے والوں کو ہلاک کرتے ہوئے زمین میں دفن کردیں۔ 1982 ء کی فلم ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ کے شہرت یافتہ متھن چکرورتی نے ترنمول کانگریس کے لیڈر ہمایوں کبیر کے لوک سبھا الیکشن سے قبل دیئے گئے بیان کا حوالہ دیا۔ ہمایوں کبیر نے مخالف پارٹی کے ورکرس کو مذہبی بنیادوں پر دھمکانے کی کوشش کی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے ان کی سرزنش کی تھی۔ الیکشن کمیشن کی سرزنش کے بعد اگرچہ یہ مسئلہ ختم ہوگیا لیکن نفرت کے ماحول کو بھڑکانے کیلئے متھن چکرورتی نے دوبارہ اس بیان کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کی ہے۔ سوشیل میڈیا پر متھن چکرورتی کا اشتعال انگیز ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگیا جس پر عوام نے سخت ناراضگی کا اظہار ہے۔ عوام نے کہا ہے کہ فلمی دنیا میں ترقی کیلئے تمام مذاہب بشمول مسلمانوں کا سہارا لیا گیا اور فلمی ستارے بی جے پی میں آتے ہی مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے لگتے ہیں۔ متھن چکرورتی کے مطابق ’’ایک لیڈر نے کہا ہے کہ 70 فیصد مسلمان ہیں اور 30 فیصد ہندو اور انہیں کاٹ کر بھگیرتی ندی میں پھینک دیا جائے گا۔ مجھے امید تھی کہ چیف منسٹر ممتا بنرجی اس بارے میں کچھ کہیں گی لیکن انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ لہذا آج کہہ رہا ہوں کہ ہم انہیں کاٹ کر زمین میں دفن کردیں گے‘‘۔ قومی نیوز چیانل این ڈی ٹی وی نے متھن چکرورتی کا ویڈیو وائرل کیا۔ ویڈیو میں متھن چکرورتی کو کہتے ہوئے سنا گیا کہ ’’میں چیف منسٹر نہیں ہوں لیکن یہ بات کہہ رہا ہوں کہ ہم بنگال کو جیتنے کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ 2026 اسمبلی الیکشن میں بنگال بی جے پی کا رہے گا‘‘۔ متھن چکرورتی نے جلسہ میں وزیر داخلہ امیت شاہ کی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے اشتعال انگیزی کی لیکن کسی نے انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی۔ سابق فلمسٹار نے کہا کہ ’’ہم تم کو کاٹ کر بھگیرتی ندی میں نہیں پھینکیں گے کیونکہ وہ ہماری ماں ہے۔ ہم تم کو زمین میں دفن کردیں گے‘‘۔ متھن چکرورتی نے ممتا بنرجی حکومت پر ہندو رائے دہندوں کو ووٹ دینے سے روکنے کا الزام عائد کیا۔ واضح رہے کہ ترنمول کانگریس کے لیڈر ہمایوں کبیر نے مساجد کے انہدام اور مسلمانوں پر حملہ کا حوالہ دیتے ہوئے اشتعال انگیز بیان دیا تھا۔ 1