نئی دہلی11جولائی (یو این آئی) بالی وڈ میں جوبلی کمار کے نام سے مشہور راجندر کماور نے کئی سپر ہٹ فلموں میں اپنی بہترین ادکاری سے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنایا۔ اُن کو اپنے کیریئر کے آغاز میں کافی جد و جہد کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اُن کی پیدائش 20 جولائی 1929 ء کو پنجاب کے سیالکوٹ شہر میں ایک متوسط گھرانے میں ہوئی تھی۔ راجندر بچپن سے ہی اداکار بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے ۔راجندر کمار جب اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے بمبئی پہنچے تو ان کی جیب میں صرف 50 روپے تھے ۔ یہ پیسے بھی انہوں نے اپنے والد کی دی ہوئی گھڑی کو فروخت کرکے حاصل کئے تھے ۔ان کی گھڑی 63 روپے میں فروخت ہوئی تھی۔ ان پیسوں میں سے راجندر کمار نے 13 روپے کا فرنٹیئر میل کا ٹکٹ خریدا تھا۔ بمبئی پہنچنے پر راجندر کمار کو نغمہ نگار راجندر کرشن کی مدد سے فلمساز و ہدایت کار ایچ ایس رویل کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر کے طور پر150 روپے ماہانہ پر کام کرنے کا موقع ملا۔بالآخر اُن کی جدوجہد کام آئی اور وہ ایک بڑے اسٹار بن گئے۔ اُن کی مشہور فلموں میں زندگی، دل ایک مندر، سنگم، آرزو، میرے محبوب، گورا اور کالا، گنوار، سورج اور ساتھی کے نام قابل ذکر ہیں۔ اُن کی موت 12 جولائی 1999ء کو ہوئی۔