ممبئی 17 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام )سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس کو آج شیوسینا کے کچھ نعرہ لگاتے کارکنوں نے بال ٹھاکرے کی برسی کے موقع پر نشانہ بنایا ۔ فرنویس ٹھاکرے کی نویں برسی کے موقع پر شیواجی پارک میں حصہ لینے پہونچے تھے ۔ شیوسینا کے کچھ کارکنوں نے جو وہیں کھڑے تھے چیف منسٹر کے قافلے کے سامنے انتخابات کے دوران فرنویس کے لگائے گئے نعرہ کو دہرایا کہ ’’ میں ہی چیف منسٹر بنوں گا ‘‘ ۔ کارکنوں نے شیواجی کی مدح میں بھی نعرے لگائے ۔ فرنویس کے قافلہ میں کچھ اور بی جے پی قائدین بھی شامل تھے تاہم وہ اس نعرہ بازی کا جواب دئے بغیر وہاں سے روانہ ہوگئے ۔ واضح رہے کہ شیوسینا نے حال ہی میں بی جے پی سے اپنے تعلقات منقطع کرلئے ہیں۔