ہیومینٹی ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کمشنر بلدیہ کو یادداشت پیش
بانسواڑہ ۔25نومبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بانسواڑہ شہر میں دن بہ دن بندروں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شہر کے مختلف محلوں اور رہائشی علاقوں میں بندروں کے بڑے بڑے جھنڈ گھروں اور گلیوں میں داخل ہو کر عوام کیلئے شدید پریشانی کا سبب بن رہے ہیں۔شہر کے مختلف محلوں میں ایک ساتھ 10 سے 15 یا اس سے بھی زیادہ بندر گھروں اور چھتوں پر پہنچ جاتے ہیں۔ بچے اسکول جانے سے ڈر رہے ہیں، مائیں اپنے بچوں کو اکیلا باہر بھیجنے سے گھبرا رہی ہیں۔ بندر گھروں میں گھس کر کھانے پینے کی اشیاء ، سامان اور کپڑے اُٹھا لے جا رہے ہیں اور کئی مقامات پر لوگوں پر حملہ کرہے ہیں۔ عوام اپنے ہی گھروں میں خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگے ہے۔اس سنگین مسئلہ کو لے کر آج ہیومینٹی ویلفیئر فاؤنڈیشن بانسواڑہ کی جانب سے میونسپل کمشنر کو ایک اہم میمورنڈم پیش کیا گیا۔فاؤنڈیشن نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلہ کو معمولی سمجھ کر نظرانداز نہ کیا جائے بلکہ فوری طور پر مؤثر لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ متعلقہ محکموں اور ماہرین کی مدد سے بندروں کو محفوظ، انسانی اور قانونی طریقے سے رہائشی علاقوں سے مناسب مقامات پر منتقل کیا جائے فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہیں کیے گئے تو کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔اور کتنے معصوم بچے یا شہریوں کے زخمی ہونے کا انتظار کیے بغیر پہلے ہی احتیاطی اقدامات کیے جائیں۔ یہ میمورنڈم کسی ادارے پر تنقید کے لیے نہیں بلکہ عوامی مفاد اور شہریوں کی حفاظت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔اس موقع پر فاؤنڈیشن کے صدر حافظ محمد شکیل احمد، شیخ سراج، محمد سمیر، محمد عارف، محمد شبیر، دیراج، شبیر اور دیگر احباب موجود تھے۔