بانسواڑہ میں دوکانات بند کروانے پر مالکین کا احتجاج

   


بانسواڑہ : بانسواڑہ میں دوکانداروں نے احتجاج کیا اور میونسپل بلدیہ چیرمین اور ڈپٹی چیرمین پربرہمی کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے بموجب بانسواڑہ میں کورونا وائرس کی وباء اور اموات میں اضافہ پر میونسپل بلدیہ اور دیگر سرکاری عہدیداروں کے ساتھ بانسواڑہ شاپس اسوسی ایشن کے ہمراہ ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا کہ بانسواڑہ میں 26 اپریل 2 بجے دن سے تمام بانسواڑہ شہر کے دوکانات بند کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن جیسے ہی آج 2 بجے سے بانسواڑہ میں دوکانات بند کروانے کی کوشش کئے جانے پر تمام دوکاندار مالکین نے اپنے دوکانات بند کرنے سے انکار کیا اور سڑکوں پر اُتر آئے۔ اس بات کی اطلاع بلدیہ چیرمین گنگادھر اور ڈپٹی چیرمین شیخ زبیر کو ملنے پر تفصیلات حاصل کیں اور سمجھانے کی کوشش کی لیکن ان کی کوشش ناکام ثابت ہوئی۔ تاجر برادری نے چیرمین گنگادھر اور ڈپٹی چیرمین شیخ زبیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ سال لاک ڈاؤن کی وجہ سے تجارت پیشہ افراد قرض میں مبتلا ہوگئے۔ لیکن اب نقصانات کے متحمل نہیں ہیں۔ ماہ رمضان کا مہینہ ہے دوکانات کو کھلی رکھنے کی اجازت دی جائے اور لاک ڈاؤن کے وقت کو تبدیل کیا جائے تاکہ نقصانات سے محفوظ رہا جاسکے۔