سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے تلیل علاقے میں ایک سڑک حادثے میں دسویں جماعت کی طالبہ کی موت واقع ہوئی جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہوگئے ۔سرکاری ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ بانڈی پورہ کے تلیل علاقے میں نیرو کے نزدیک منگل کو ایک ماروتی کار پلٹنے سے چار افراد زخمی ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور سب ضلع ہسپتال گریز پہنچایا گیا جہاں ان میں سے سولہ سالہ طالبہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئی۔متوفی طالبہ کی شناخت انشا پروین دختر محمد منور کے بطور ہوئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ باقی تین زخمیوں کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں۔
گاندربل میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 22 سالہ نوجوان کی موت
سری نگر: وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے بملورا علاقے میں منگل کی شام بجلی کا کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہونے والا 22 سالہ نوجوان یہاں ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گاندربل کے بملورا علاقے میں منگل کی شام ایک نوجوان ایک ٹرک کو ان لوڈ کر رہا تھا کہ وہ بجلی کا کرنٹ لگنے سے زخمی ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ نوجوان کو فوری طور علاج کے لئے ضلع ہسپتال گاندربل پہنچایا گیا جہاں سے اس کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ سری نگر ریفر کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ نوجوان سکمز میں دم توڑ گیا۔متوفی نوجوان کی شناخت22 سالہ دانش نثار ولد نثار احمد راتھر ساکن گنگرہامہ گاندربل کے بطور ہوئی ہے ۔