بانگر کا بنگلہ دیشی بیٹنگ مشیر بننے کا امکان

   

ڈھاکہ۔19مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ سنجے بانگر بنگلہ دیش ٹیم کے مشیر بن سکتے ہیں۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اس بارے میں بانگر سے بات کی ہے لیکن ان کے بیٹنگ مشیر بننے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔بی سی بی نے بنگلہ دیش ون ڈے ٹیم کے بیٹنگ مشیر نیل میکنزی کو ٹسٹ ٹیم کا مشیر بنانے کے لئے بات کی تھی لیکن ایسا مانا جا رہا ہے کہ وہ سبھی فارمیٹ کے مشیر بننے کے لئے راضی نہیں ہیں۔بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری نے صحافیوں سے کہا کہ بانگر سے ہم نے اس بارے میں بات کی ہے لیکن ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ہم مشیر کے عہدے کے لئے دوسرے لوگوں کے ساتھ بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ میکنزی ونڈے ٹیم کے بیٹنگ مشیر ہیں اورہم امید کرتے ہیں کہ جب تک ہمیں ٹسٹ ٹیم کے لئے کوئی مشیر نہیں مل جاتا تب تک وہ یہ ذمہ داری سنبھالیں۔بانگر 2014 سے 2019 تک ہندوستانی ٹیم کے مشیر تھے۔ وہ 2016 میں زمبابوے اور2017 میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ دورے کے وقت ہندوستانی ٹیم کے عبوری کوچ تھے اور بعد میں ان کی جگہ روی شاستری کو ٹیم کا چیف کوچ بنایا گیا اور بانگر ٹیم کے بیٹنگ کوچ بنے ۔