نئی دہلی ،2اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی صدر اورمرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے لوگوں سے ماحول کو ہونے والے نقصان کے پیش نظر پلاسٹک کے تھیلے استعمال نہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر قومی دارالحکومت کے حیدر پور رام لیلا میدان سے بی جے پی کی ‘گاندھی سنکلپ یاترا’ کا آغاز کرتے ہوئے ، مسٹر شاہ نے کہا کہ پلاسٹک ہمارے ماحول اور صحت کے لئے بہت نقصان دہ ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے گاندھی جینتی کے دن پلاسٹک کے تھیلے استعمال نہ کرنے کا عہد کرنے کی درخواست کی۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک پر پابندی لگانے کی مہم کو ایک عوامی تحریک کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک سے ملک کو آزاد کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ اس تحریک کو عوامی تحریک بنانے کی ذمہ داری ملک کے عوام اور پارٹی کے تمام کارکنوں پر عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک ہماری صحت اور ماحولیات کے لئے بھی نقصان دہ ہے ۔ اس سے جانوروں پر بھی برا اثر پڑ رہا ہے ۔ ہم پلاسٹک کے تھیلے استعمال نہ کرنے کا عہد کریں۔ ہم آلودگی سے پاک صاف ہندوستان کی تعمیر میں وزیر اعظم کی سربراہی میں آگے بڑھیں گے ۔