باپو گھاٹ پر گورنر اور چیف منسٹرکی عدم شرکت موضوع بحث

   

محمود علی نے حکومت کی نمائندگی کی، گورنر پوڈوچیری کے دورہ پر
حیدرآباد۔/30جنوری، ( سیاست نیوز) بابائے قوم مہاتما گاندھی کو 74 ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ لنگر حوض میں واقع باپو گھاٹ پر سرکاری سطح کی تقریب منعقد ہوئی تاہم ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ ریاستی وزراء کی عدم شرکت سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن چکی ہے۔ گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن نے پوڈیچیری میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے کیونکہ وہ پوڈیچیری کی لیفٹننٹ گورنر کی اضافی ذمہ داری کے تحت پوڈوچیری کے دورہ پر ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر پرگتی بھون میں موجودگی کے باوجود باپو گھاٹ نہیں پہنچے۔ حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ محمد محمود علی، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ، رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ، میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی اور چیف سکریٹری سومیش کمار نے باپو گھاٹ پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اسمبلی کے احاطہ میں اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی اور قانون ساز کونسل کے عبوری صدرنشین امین الحسن جعفری نے مہاتما گاندھی کو خراج پیش کیا۔ کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین وی ہنمنت راؤ، ایم ششی دھر ریڈی، جی نرنجن اور دوسروں نے باپو گھاٹ پہنچ کر خراج پیش کیا۔ کانگریس قائدین نے گورنر اور چیف منسٹر کی عدم شرکت پر اعتراض جتایا۔ ر