کاما ریڈی میں دل دہلادینے والا واقعہ
حیدرآباد 6 مارچ ( پی ٹی آئی ) ضلع کاما ریڈی میں ایک 32 سالہ شخص نے اپنی تین لڑکیوں کو جھیل میں غرق کرکے ہلاک کردیا ۔ کہا گیا ہے کہ ان لڑکیوں کی عمریں 7 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس کے بموجب اس شخص نے اپنی اہلیہ سے شراب نوشی کیلئے رقم طلب کی اور پیسے نہ ملنے پر جھگڑا کیا ۔ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اس شخص نے اپنی تین لڑکیوں کو ایک جھیل پر لے گیا اور وہاں انہیں غرق کردیا ۔ اس کے بعد وہ وہاں سے فرار ہوگیا ۔ کہا گیا ہے کہ وہ شراب نوشی کیلئے پیسے طلب کرتے ہوئے اکثر اپنی شریک حیات سے جھگڑا کیا کرتا تھا ۔ آج صبح اس کی شریک حیات کو اپنے گھر میں تینوں لڑکیوں کی عدم موجودگی کا احساس ہوا اور جھیل کے علاقہ میں تلاش شروع کی گئی ۔ تلاش کے دوران لڑکیوں کی چپلیں وہاں دستیاب ہوئیں۔ مقامی افراد کی مدد سے تلاش میں شدت پیدا کی گئی جس کے بعد تینوں لڑکیوں کی نعشیں جھیل میں تیرتی ہوئی پائی گئیں۔ پولیس کے بموجب ملزم شخص کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیا گیا ہے ۔