باپ کے سایہ سے محروم 3 بہنوں کو سرکاری ملازمت

   

جنگاؤں /9 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جنگاؤں گرنی گڈہ کے مسلم گھرانے کی تین بہنوں کو سرکاری ملازمت ملی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جناب کریم الدین مرحوم متوطن جنگاؤں جن کی مالی و معاشی حالت بڑی کمزور تھی ۔ انہیں 6 لڑکیاں ہیں ۔ جنہوں نے اپنی حیات میں صرف ایک لڑکی کی شادی کی ۔ والد کے انتقال کے بعد ان کی لڑکیوں نے خود روزگار کے ذریعہ کمائی کی اور اسی سے ان کا گذر بسر بھی ہوا ۔ اس کے ساتھ ساتھ ان لڑکیوں نے اردو میڈیم کے ذریعہ اپنی تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے گریجویشن اور بی ایڈ کی تعلیم حاصل کی ۔ حالیہ کچھ ماہ قبل اساتذہ کے تقررات کیلئے تلنگانہ حکومت نے اعلامیہ جاری کیا تھا ۔ جناب محمد کریم الدین مرحوم کے تین لڑکیوں شاہدہ بیگم ، فرزانہ بیگم ، ممتاز بیگم نے ڈی ایس سی امتحان لکھ کر اعلی نمبرات سے کامیابی حاصل کی ۔ جس کے نتیجہ میں ٹیچرس ( اساتدہ ) کا تقرر کیا گیا ۔ آج تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اساتذہ کے تقررات کے احکامات حیدرآباد میں ان کے حوالہ کئے گئے ۔ یہ کہنا بے محل نہ ہوگا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دور حکومت میں ایک ہی مسلم غریب گھرانہ کے تین بہنوں کو محکمہ تعلیمات میں ٹیچرس کی ملازمت ملنے پر ان کی والدہ اور ان کے گھرانوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ۔ یہ تین بہنوں نے اردو میڈیم سے اپنی تعلیم کے سلسلہ کو جاری رکھا جس کا فائدہ آج انہیں حاصل ہوا ۔ مسلمان اگر اپنے مقصد کو تعلیم کے حاصل کرنے کا بنائیں تو انہیں ضرور ایک نہ ایک دن کامیابی حاصل ہوگی ۔ ان لڑکیوں کو اساتدہ کی حیثیت سے تقرر پر مسلمانوں میں ہر طرف سے مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔ جبکہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں مسلمانوں کو خاطر خواہ فائدہ حاصل نہیں ہوا ۔