باکسر ایمان خلیف کے جنس تنازعہ کو مسترد کردیا گیا

   

پیرس ۔ رواں پیرس اولمپکس 2024 کا ایک باکسنگ میچ کافی تنازعات میں گھرا ہوا ہے۔ یہ تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب خواتین کی ویلٹر ویٹ زمرے کے پری کوارٹر فائنل میں اطالوی باکسر انجیلا کیرینی اور الجزائر کی باکسر ایمان خلیف کے درمیان مقابلہ ہوا۔ دراصل انجیلا کیرینی نے میچ درمیان میں چھوڑ دیا اور ایمان خلیف نے 46 سیکنڈز میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد یہ الزام لگایاگیا کہ ایک خاتون باکسرکو مرد باکسر سے مقابلے کے لیے بنایا گیا تھا۔ اب اس معاملے پر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ دراصل الجزائر کی باکسر ایمان خلیف ماضی میں بھی جنس کے حوالے سے تنازعات کا شکار رہی ہیں۔ مان خلیف کو 2023 باکسنگ ورلڈ چمپیئن شپ کے گولڈ میڈل میچ سے چند گھنٹے قبل صنفی بنیادوں پر نااہل قرار دے دیا گیا تھا لیکن انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی یعنی آئی او سی نے حال ہی میں انہیں اولمپکس 2024 میں کھیلنے کی اجازت دی ۔ اب اس پہلے راؤنڈ کے میچ کے بعد، یہ تنازعہ ایک بار پھر کھڑا ہو گیا ہے اور بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ ایمان خلیف کا خواتین کے زمرے میں کھیلنا غلط ہے۔ سابق برطانوی باکسر اینتھونی فاؤلر نے اس کی مذمت کی ہے۔ اب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اولمپک گیمز پیرس 2024 کے باکسنگ ٹورنمنٹ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑی مقابلے کی اہلیت اور داخلے کے قوانین کے ساتھ ساتھ پیرس 2024 باکسنگ یونٹ (پی بی یو) کے مقرر کردہ تمام قابل اطلاق ضوابط کی تعمیل کرتے ہیں۔ پچھلے اولمپک باکسنگ مقابلوں کی طرح، کھلاڑیوں کی جنس اور عمر ان کے پاسپورٹ پر مبنی ہوتی ہے۔ پی بی یو نے پیرس 2024 کے لیے اپنے قوانین بنانے کے لیے ٹوکیو 2020 باکسنگ کے اصولوں کو ایک بنیادی اصول کے طور پر استعمال کیا۔ اس کا مقصد کھلاڑیوں کی تیاریوں پر پڑنے والے اثرات کو کم کرنا اور اولمپک گیمزکے درمیان تسلسل کی ضمانت دینا تھا۔ ٹوکیو 2020 کے یہ قواعد ریو 2016 کے بعد کے قواعد پر مبنی تھے، جو 2019 میں آئی او سی کی جانب سے بین الاقوامی باکسنگ فیڈریشن کی معطلی اور2023 میں اس کی شناخت سے دستبرداری سے پہلے نافذ تھے۔ علاوہ ازیں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ہم نے اولمپک گیمز پیرس 2024 میں دو خواتین ایتھلیٹس کے حصہ لینے کے بارے میں کچھ رپورٹس میں گمراہ کن معلومات دیکھی ہیں۔ دونوں کھلاڑی خواتین کے زمرے میں کئی سالوں سے بین الاقوامی باکسنگ ٹورنامنٹس میں کھیل رہی ہیں، جن میں اولمپک گیمز ٹوکیو 2020، انٹرنیشنل باکسنگ اسوسی ایشن (آئی بی اے ) ورلڈ چمپئن شپ اورآئی بی اے سے منظور شدہ ٹورنمنٹ شامل ہیں۔