باکسر محمد بلال ، حیدرآباد سے ابھرتا ایک اور ستارہ

   

حیدرآباد۔(سیاست نیوز) ویسے تو شہر حیدرآباد نے اظہر الدین، ثانیہ مرزا، پی وی سندھو، سائنا نہوال اور کئی کھلاڑیوں کو دیا ہے اور اس وقت بھی شہر میں بیسیوں ایسے کھلاڑی ہیں جوکہ قومی سطح پر اپنا نام روشن کیا ہے اور عنقریب بین الاقوامی سطح پر ملک اور شہر کا نام روشن کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ اس فہرست میں ایک نام محمد بلال کا ہے جو کہ باکسنگ کے شعبے میں ایک نہیں دوبارکھیلو انڈیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکے ہیں۔ تلنگانہ کے اس ابھرتے باکسر نے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز ہریانہ میں انڈر 18 بوائز میں سلور میڈل حاصل کیا تھا جبکہ 2023 کے کھیلو انڈیا مقابلوں میں نوجوان باکسر نے برونز میڈل حاصل کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے انٹرکالج مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ محمد بلال کی فتوحات کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کے کوچ سید حبیب مصطفی نے کہا کہ جہاں ایک جانب سے محمد بلال مسلسل شاندار مظاہرے کررہے ہیں وہیں کھیلو انڈیا کے ضمن میں مرکزی حکومت نے میڈل جیتنے والے فاتح کھلاڑیوں کے لئے جو انعامات اور مراعات کا اعلان کیا ہے وہ ہنوز حیدرآبادی باکسر تک پہنچی نہیں ہیں۔ ریلوے کے ملازم اور شہر میں باکسنگ اکیڈیمی میں نوجوان باکسروں کو تیار کرنے والے کوچ نے مزید کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کے نمائندوں نے میں محمد بلال کی کامیابی کے وقت مراعات کی راہ میں موجود رکاوٹوں کو ختم کرنے کا تیقن دیا لیکن آج تک عملی طور پرکوئی نتیجہ فراہم نہیں کیا گیا ہے۔