باکسر ہوگو سینٹلن بھی چل بسے،ایک ہفتہ میں دوسرا واقعہ

   

بیونس آئرس۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) باکسنگ کا کھیل ہر گزرتے دن کے ساتھ خطرناک ہوتا جا رہا ہے اور ایک ہفتے کے دوران اس کھیل نے دوسرے باکسر کی جان لے لی ہے۔بیونس آئرس سے 150میل دورسین نکولس میں ارجنٹینا کے باکسر ہوگو سینٹلن کا سوپر لائٹ ویٹ فائٹ یوراگوئے کے باکسر ایڈوارڈو ابریو سے مقابلہ ہوا۔ رپورٹس کے مطابق میچ کے چوتھے ہی راؤنڈ میں ان کی ناک سے خون بہنا شروع ہو گیا تھا لیکن انہوں نے آخر تک فائٹ لڑنے کو ترجیح دی اور میچ ڈرا پر اختتام پذیر ہوا لیکن میچ کے اختتام کے ساتھ ہی وہ بے ہوش ہو گئے جس کے سبب انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد ان کے گردے یکے بعد دیگرے ناکارہ ہو گئے اور وہ کوما سے واپس نہ آ سکے، ان کی حالت دن بدن بگڑتی گئی جس کو دیکھتے ہوئے ان کے دماغ کی ایک سرجری بھی کی گئی لیکن اسی دوران انہیں دل کا دورہ پڑا جس کے سبب وہ جانبر نہ ہو سکے۔ورلڈ باکسنگ کونسل نے ہوگو سینٹلن کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے باکسنگ کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ 23سالہ سینٹلن نے 2015 میں باکسنگ کا آغاز کیا تھا اور اب تک 19مقابلوں میں فتح حاصل کی جبکہ چھ مقابلوں میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور دومیچ ڈرا ہوئے۔ سینٹلن کے والد ہوگو الفریڈو سینٹلن بھی ایک باکسر تھے۔یاد رہے کہ یہ ایک ہفتے کے قلیل عرصے کے دوران دوسرے باکسر کی مات ہوئی ہے کیونکہ اس سے قبل روسی باکسر مکسم داداشیوف دماغ پر چوٹ لگنے سے ہلاک ہوئے۔ مقابلے کے بعد مکسم داداشیوف ڈریسنگ روم تک بھی چل کر نہ جاسکے، چنانچہ انہیں فوری طور پر دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ان کے دماغ کے ورم سے دباؤ دورکرنے کے لیے فوری طور پر سرجری کی گئی لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔