نئی دہلی 27 جون (یو این آئی) قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے ) نے پنجاب کے گرداس پور پولیس اسٹیشن پر گرینیڈ حملہ کیس میں ببر خالصہ انٹرنیشنل کے دہشت گرد رندا سمیت سات ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے ۔یہ حملہ گزشتہ سال دسمبر میں کیا گیا تھا اور سات میں سے تین ملزمان ابھی تک مفرور ہیں۔ ببر خالصہ کے دہشت گرد ہرپریت سنگھ عرف ہیپی پاسیا اور گرپریت عرف گوپی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا۔ امریکہ میں رہنے والا پاسیا، پاکستان میں رہنے والا دہشت گرد ہرویندر سنگھ عرف رندا اور شمشیر سنگھ عرف شیرا عرف ہنی تینوں مفرور ہیں۔ گرفتار کیے گئے چاروں ملزمان کی شناخت کلجیت سنگھ، ابھیجوت سنگھ، گرجندر سنگھ اور شبھم کے طور پر ہوئی ہے ، یہ سبھی پنجاب کے بٹالہ کے گاؤں کیلا لال سنگھ کے رہنے والے ہیں۔