انتخابات میں عوام سے شفقت اور محبت کے مظاہرے کی خواہش
چرخی دوادری (ہریانہ) 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کشتی باز ببیتا پھوگٹ کے سیاسی دنگل میں اُترنے کے بعد واردی اسمبلی حلقہ کا مقابلہ کافی دلچسپ ہوگیا ہے۔ اس 29 سالہ بی جے پی امیدوار کا مقابلہ جنائک جنتا پارٹی (جے جے پی) کے تجربہ کار امیدوار ست پال سگنوان اور کانگریس کے سینئر لیڈر نرپیندر سنگھ سے ہے۔ اس سے قبل ان دونوں نے 2000 سے بھی کم ووٹوں سے اس نشست پر کامیابی حاصل کی تھی۔ فلم ’دنگل‘ کی نمائش کے بعد ببیتا پھوگٹ کی شہرت میں اضافہ ہوا تھا۔ پھوگٹ کے والد مہاویر سنگھ پھوگٹ پہلوانوں کے کوچ ہیں۔ ببیتا پھوگٹ کو دولت مشترکہ مقابلوں میں تمغہ حاصل ہوا تھا۔ ایک گاؤں میں گاؤں کے بزرگوں نے پھوگٹ کا استقبال کیا۔ ببیتا نے کہاکہ میں جب بھی کوئی تمغہ جیت کر واپس گاؤں آتی ہوں گاؤں میں مجھ سے اس قدر محبت میرا اس قدر احترام کیا جاتا ہے کہ مجھ میں آئندہ مقابلوں کیلئے ہمت اور حوصلہ پیدا ہوجاتا ہے۔ پھوگٹ نے ایک جلسہ میں سامعین سے کہاکہ میں اسمبلی انتخابات میں بھی اپنے لئے آپ سے ایسی ہی محبت اور شفقت چاہتی ہوں۔