نظام آباد جے اے سی کے ہمراہ سینئیر قائد طاہر بن حمدان کی خصوصی دلچسپی سے برادران وطن نے بھی پروگرام میں حصہ لیا
نظام آباد: یکم؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وقف ترمیمی قانونی کے خلاف مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے 7 نکاتی پروگرام کے تحت نظام آباد میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام ضلع میں بڑے پیمانے پر بتی گل پروگرام کو کامیاب بنایا گیا۔ اس پروگرام میں کانگریس کے سینئر قائد صدر نشین اردو اکیڈمی مسٹر طاہر بن حمدان کے علاوہ برادران وطن نے حصہ لیتے ہوئے پروگرام کو بڑے پیمانے پر کامیاب بنایا ،جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر مولانا احمد عبدالعظیم کی قیادت میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین مولانا کریم الدین کمال ،مولانا شیخ حیدر قاسمی، مولانا عابد قاسمی، مولانا ارشد متین، مولانا سید سمیع اللہ قاسمی، سید محمد یحیی ظفر صدر بیت المال، محمد افضل الدین سابق صدر عید گاہ کمیٹی ،سابق کارپوریٹر ایم اے قدوس محمد مجاہد خان، محمد مصباح الدین ،سابق معاون کارپوریٹر اشفاق احمد خان پاپا،سینئر کانگریس قائدین سید نجیب علی ایڈوکیٹ ،محمد ضیاء، محمد مجاہد جیولرز جمعیت اہلحدیث کے ووجہہ اللہ، جماعت اسلامی کے ایم این بیگ زاہد، بی آر ایس اقلیتی سل صدر مسٹر نوید اقبال اور دیگر نے نہرو پارک پر بتی گل پروگرام میں حصہ لیا ۔ صدر نشین اردو اکیڈمی کو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین کے ہمراہ بعد نماز مغرب سے بائیک ریالی نکال کر عوام سے بتی گل کرنے کی خواہش کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔مالا پلی میں سابق کارپوریٹر ایم اے مقیت، نظام آباد مسلم پرسنل لاء کمیٹی کے سرپرست شیخ علی صابری دیگر نے اس علاقے میں بتی گل پروگرام کو کامیاب بنایا۔ شہر نظام آباد کے اقلیتی علاقوں کیساتھ ساتھ برادران وطن کی بیشتر گلیوں و سڑکوں پر بتی گل کامیاب رہا۔ جگہ جگہ بچوں کی ٹولیاں‘‘ بتّی گُل‘‘ کردو کا نعرہ لگاتے ہوئے محلوں میں گشت لگا رہے تھے۔ ایک عوامی بیداری، وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف مُسلمانوں کی ناراضگی کا اظہار سامنے آیا۔ مُسلم پرسنل لا بورڈ کی اپیل پر احمد پورہ، مُحمدیہ کالونی، ہاشمی کالونی، قلعہ روڈ، مُستعید پورہ پھولانگ، حبیب نگر ، کھو جہ کالونی ،آٹو نگر ، سی ایم روڈ ، این آر آئی کالونی ،برکت پورہ ، لائن گلی ، احمدی بازاری ،گاندھی چوک ، نہروپارک کے علاوہ کئی محلوں میں بتی گل کیا گیا جبکہ چند گلیوں میں بتی گل کی وجہ سے تاریکی چھا گئی تھی اور نوجوان نعرے بازی کرتے ہوئے دیکھے گئے نہ صرف نوجوان بلکہ چھوٹے چھوٹے بچے بھی نعرے بازی کرتے ہوئے گھومتے رہے نہرو پارک پر مسلم پرسنل لاء کمیٹی کے صدر مولانا کریم الدین کمال نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ابتدا ہے آئندہ اور بھی اس طرح کے پروگراموں کو مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایت پر انجام دیے جائیں گے۔ حکومت کو انتباہ دیا کے حکومت کی بتی گل ہونے سے قبل سیاہ قانون کو واپس لے۔ اس موقع پر صدرجمعیت العلماء خطیب و امام مکہ مسجد مولانا سید سمیع اللہ نے اپنے خطاب میں پروگرام کو کامیاب بنانے پر عوام سے اظہار تشکر کیا اور آئندہ بھی اس طرح کے پروگراموں کو کامیاب بنانے کی خواہش کی۔ جمعیت اہلحدیث کے وجہہ اللہ نے بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کے قانون کے خلاف نظام آباد میں بڑے پیمانے پر بتی گل کو کامیاب بنایا گیا فوری اس قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ سینئر کانگرسی قائد سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت فوری سیاہ قانون کو واپس لیں۔ اس موقع پر مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑے پیمانے پر حصہ لیتے ہوئے بتی گل پروگرام کو کامیاب بنانے پر عوام سے اظہار تشکر کیا گیا۔