بجلی کی عدم سربراہی کے خلاف عاپ کی لالٹین ریالی

   

بھدوہی: اترپردیش کے ضلع بھدوہی سمیت ریاست میں جاری بجلی تعطل کی مخالفت میں عام آدمی پارٹی(عاپ) کے کارکنوں نے ضلع ہیڈکوارٹر گیان پور میں لالٹین جلوس نکالا۔ ضلع صدر اشوک کمار یادو کی قیادت میں کارکنوں نے لکھنو ترمہانی سے شیتل پال تراہا تک جلوس نکالا۔ اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے کاشی خطے کے صدر پون پانڈے نے کہا ریاست و بھدوہی ضلع میں ہورہی بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عوام پوری طرح سے پریشان ہیں۔ گرمی کی وجہ سے اسپتالوں میں لوگ بھرتی ہورہے ہیں اور اموات کا سلسلہ جاری ہے لیکن ریاستی حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ریاستی حکومت سے بجلی کٹوتی فورا کم کرنے اور گرمی کی وجہ جو بھی اموات ہورہی ہیں اس میں متاثرہ کنبے کو مالی مدد و سرکاری نوکری دئیے جانے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ پارٹی نے محکمہ بجلی میں خالی اسامیوں پر تقرری کا مطالبہ کیا ہے ۔