نئی دہلی، 28 جنوری (یو این آئی) پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس چہارشنبہ کے روز صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو کے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے ساتھ شروع ہوگا۔پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے وزیر، کرن رجیجو نے کہا کہ ہم وکست بھارت کے لیے نتیجہ خیز بجٹ اجلاس کے لیے پر امید ہیں۔اجلاس میں 29 جنوری کو اقتصادی سروے پیش کیا جائے گا ، جس میں معیشت کی موجودہ صورت حال کا جامع جائزہ پیش کیا جائے گا۔اس کے بعد 2026-27 کا مرکزی بجٹ پیش کیا جائے گا ، جسے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن یکم فروری کو پیش کریں گے ۔چیف اکنامک ایڈوائزر کی نگرانی میں محکمہ اقتصادی امور کے اکنامک ڈیویژن کی جانب سے تیار کردہ اکنامک سروے 2025-26 کے لیے ہندوستانی معیشت کا جامع جائزہ فراہم کرتا ہے اور آئندہ مالی سال کے امکانات کا خاکہ پیش کرتا ہے ۔ بجٹ اجلاس 65 دنوں پر محیط ہوگا جس میں کل 30 نشستیں ہوں گی اور اس کا اختتام 2 اپریل کو ہوگا۔ پارلیمنٹ 13 فروری کو وقفے کے لیے ملتوی ہوگی اور 9 مارچ کو دوبارہ اجلاس شروع ہوگا، تاکہ اسٹینڈنگ کمیٹیاں مختلف وزارتوں اور محکموں کے گرانٹس کے مطالبات کا جائزہ لے سکیں۔
اجلاس سے قبل منگل کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں ایک آل پارٹی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اجلاس کے دوران اٹھائے جانے والے امور پر تبادلۂ خیال کیا اور پارلیمنٹ کے ہموار کام کاج کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔