بجٹ اجلاس کم از کم 14 دن کا ہونا چاہئے: ریونت ریڈی

   

حیدرآباد۔ 18 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے کہا کہ اسمبلی کا بجٹ اجلاس اگر 14 دن سے کم چلتا ہے تو بجٹ کی منظوری غیر قانونی تصور ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی قواعد کے مطابق بجٹ سیشن کم از کم 14 دن کا ہونا چاہئے ۔ اسمبلی لابی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت نے صرف دس دن کا بجٹ اجلاس طلب کیا ہے اور اس مسئلہ پر دیگر جماعتوں کی منظوری باعث حیرت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 10 دن میں اجلاس کے اختتام کا مطلب شادی کے بغیر زندگی بسر کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برقی کے مسئلہ پر حکومت اتفاق رائے کی کوشش کر رہی تھی ، ایسے وقت کانگریس ارکان کی ایوان سے غیر حاضری مناسب نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس میں عہدہ کب آتا ہے اور کب چلے جاتا ہے یہ کوئی نہیں جانتا۔