حیدرآباد۔/4 مارچ، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 6 مارچ سے شروع ہونے والے مقننہ کے بجٹ سیشن کے دوران پیش کئے جانے والے بجٹ برائے سال 2020-21کی پیشکشی سے قبل تمام بجٹ تجاویز کا چہارشنبہ کو بغور جائزہ لیا۔ کے سی آر کے دفتر سے جاری کردہ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ایک اجلاس کے دوران تمام بجٹ تجاویز کو قطعیت دے دی۔ اجلاس میں وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔توقع ہے کہ تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے دوران شہریت ترمیمی قانون( سی اے اے ) کے خلاف ریاستی حکومت کی طرف سے ایک قرارداد منظور کی جائے گی۔ ٹی آر ایس حکومت نے سی اے اے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مرکز کو شہریت ترمیمی قانون منسوخ کردینا چاہیئے کیونکہ اس سے عوام کے ایک بڑے طبقہ میں خوف و اندیشے پائے جاتے ہیں۔ چیف منسٹر نے آج دن میں راج بھون پہنچ کر گورنر تملی سائی سوندرا راجن سے بھی ملاقات کی تھی اور انہیں کابینہ کی طرف سے منظورہ ایک گورنر کا خطبہ بھی دیا جو بجٹ سیشن کے مشترکہ اجلاس میں پڑھا جائے گا۔