بجٹ ترقی یافتہ ہندوستان کے عزائم کو پورا کرنے والا ہے

   

نئی دہلی: بی جے پی کے جگدمبیکا پال نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو پورا کرنے کیلئے بجٹ میں ٹیکسوں کو آسان بنانے سمیت دیگر انتظامات کیے ہیں۔چہارشنبہ کو لوک سبھا میں فینانس بل پر بحث کو آگے بڑھاتے ہوئے پال نے کہا کہ یہ بجٹ ٹیکسوں کو 58 فیصد تک آسان بنائے گا، جو اپنے آپ میں ایک تاریخی قدم ہے ۔ مالیاتی نقطہ نظر کو بڑھانے کے مقصد سے موجودہ بجٹ میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس بجٹ میں ملک کے تنخواہ دار ملازمین کو مراعات دینے کیلئے ٹیکس نظام کے ڈھانچے میں تبدیلی کی گئی ہے ۔ اس سے تنخواہ دار ملازمین کو 17 ہزار پانچ سو روپے کا فائدہ ملے گا، یہ اپنے آپ میں ایک بڑا قدم ہے ۔پال نے کہا کہ ٹیکس کا نظام اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ ٹیکس دہندگان پر مالی بوجھ کم ہو۔ ٹیکس اسٹرکچر میں شفافیت لانے کیلئے کام کیا گیا ہے ۔ کانگریس کے محمد حمد اللہ سعید نے کہا کہ جس حکومت نے عام لوگوں کو راحت دینے کی بات کی تھی، اس نے کارپوریٹس کو زیادہ منافع فراہم کرنے کا کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈیکسیشن ختم کی جانی چاہئے ، اس سے عوام متاثر ہوں گے ۔ اس سے سب کیلئے بڑے مسائل پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا ایک بڑا حصہ ہیلتھ اور لائف انشورنس لیتا ہے ، اس لیے اس پر گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو ختم کیا جانا چاہیے ۔ لکشدیپ میں لوگوں کو نوکریاں دینے کے بجائے کئی محکموں کو بند کر کے لوگوں کو نوکریوں سے نکال دیا جا رہا ہے ۔ لکشدیپ کو پچھلے دس برسوں میں ایک بھی نیا جہاز نہیں ملا ہے ۔ انہوں نے اس فینانس بل کی مخالفت کی ۔