بجٹ سماج کے ہر طبقے کیلئے روشن مستقبل لائے گا:مودی

   

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے عام بجٹ 2024-25 کو معاشرے کے ہر طبقے کے لئے بہتر مواقع، نئی توانائی اور روشن مستقبل لانے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ ہندوستان کو تیسری سب سے بڑی معاشی طاقت بنانے کے عمل میں ایک حوصلہ افزا کے طور پر کام کرے گا اور ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی مضبوط بنیاد رکھے گا۔ وزیر فینانس نرملا سیتارمن کی طرف سے آج لوک سبھا میں پیش کئے گئے مالی سال 2024-25 کے عام بجٹ کی تعریف کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ میں اس اہم بجٹ کیلئے تمام ہم وطنوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ وزیر فینانس نرملا سیتا رمن اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ بجٹ معاشرے کے ہر طبقے کو تقویت دینے والا ہے ۔ یہ ایک ایسا بجٹ ہے جو ملک کے گاووں، غریبوں اور کسانوں کو خوشحالی کی راہ پر لے جائے گا۔ گزشتہ 10 برسوں میں 25 کروڑ لوگ غربت سے باہر آئے ہیں۔ یہ بجٹ نئے بننے والے متوسط طبقے کو بااختیار بنانے کے تسلسل کا بجٹ ہے ۔ یہ ایک ایسا بجٹ ہے جو نوجوانوں کو بے شمار نئے مواقع فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ تعلیم اور ہنر مندوں کو نئی وسعت دے گا۔ یہ ایک ایسا بجٹ ہے جو متوسط طبقے کو نئی طاقت دے گا۔ یہ قبائلی سماج، دلتوں اور پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے مضبوط منصوبے لے کر آیا ہے ۔ اس بجٹ سے خواتین کی معاشی شراکت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ بجٹ چھوٹے تاجروں، مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ای) کو ترقی کا ایک نیا راستہ فراہم کرے گا۔ بجٹ میں مینوفیکچرنگ اور انفراسٹرکچر پر بہت زیادہ توجہ دی گئی ہے۔