سرکاری ملازمین کو آر ایس ایس سے وابستگی کی اجازت
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی خوشامد کرنے مودی حکومت کی چال
نئی دہلی: مرکزی حکومت نے آر ایس ایس کے تعلق سے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ نریندر مودی زیرقیادت حکومت نے سرکاری ملازمین کے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر عائد 58 سال سے جاری پابندی کو ہٹا دیا ہے۔نومبر 1966 ء میں اُس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے یہ پابندی عائد کی تھی۔ بی جے پی آئی ٹی سل کے پرمکھ امیت مالویا نے اس سلسلے میں ایک ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 1966 ء میں جاری کیا گیا غیر آئینی حکم جس میں آر ایس ایس کی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے سرکاری ملازمین پر پابندی عائد کی گئی تھی مودی حکومت نے اس فیصلے کو واپس لے لیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ حکم کبھی منظور نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ مرکزی حکومت کے اس فیصلے کی کانگریس نے مخالفت کی ہے ۔ کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے سرکاری حکمنامہ کی نقل ٹویٹ کی اور لکھا کہ سرکار نے 58 سال پرانی پابندی ہٹا دی ہے۔