بجٹ سیشن موجودہ پارلیمنٹ میں ہی ہوگا

   

صدر مرمو کا جوائنٹ سیشن سے /31 جنوری کو خطاب
نئی دہلی : اسپیکر لوک سبھا اوم برلا نے جمعہ کو ایسی میڈیا رپورٹس کی تردید کردی کہ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کا خطاب نئی پارلیمنٹ بلڈنگ میں ہوگا ۔ اسپیکر نے کہا کہ صدر کا خطاب پارلیمنٹ کی موجودہ بلڈنگ میں ہی ہوگا کیونکہ نئی دہلی عمارت ابھی زیرتعمیر ہے ۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ بجٹ سیشن کے دوران صدرجمہوریہ موجودہ پارلیمنٹ ہاؤس بلڈنگ میں دونوں ایوان کے ارکان سے خطاب کریں گی ۔ پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن /31 جنوری کو شروع ہونا طئے کیا گیا ہے اور توقع ہے اس کا اختتام /6 اپریل کو ہوگا ۔ درمیان میں وقفہ رہے گا ۔ سیشن کی شروعات لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی سنٹرل ہال میں مشترکہ نشست سے صدرمرمو کے خطاب کے ساتھ ہوگی ۔ یہ صدرمرمو کا گزشتہ سال جولائی میں جلیل القدر عہدہ پر فائز ہونے کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوان سے اپنا پہلا خطاب ہوگا ۔ ذرائع نے کہا کہ بجٹ سیشن کے پہلے روز دونوں ایوان میں معاشی سروے پیش کیا جائے گا اور یکم فبروری کو وزیر فینانس نرملا سیتا رمن بجٹ پیش کریں گی ۔