عوام سے ڈھیر سارے وعدے کئے گئے ، رقمی منظوری نظر انداز
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : سی پی آئی کے رکن اسمبلی کے سامبا شیوا راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کا بجٹ عوامی توقعات کے مطابق نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی نے سماج کے تمام طبقات سے ڈھیر سارے وعدے کئے تھے ۔ لیکن اس کے مطابق بجٹ میں رقمی گنجائش فراہم نہیں کی گئی ۔ میڈیا پوائنٹ پر خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی کے رکن اسمبلی نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کانگریس پارٹی نے عوام سے کئی وعدے کئے جس پر بھروسہ کرتے ہوئے عوام نے کانگریس کو ووٹ دیا ۔ مگر اقتدار حاصل ہونے کے بعد کانگریس پارٹی اپنے وعدوں کی تکمیل کے لیے سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے ۔ پہلے بجٹ میں وعدوں کو نظر انداز کیا گیا ۔ آج دوسری مرتبہ بجٹ پیش کیا گیا جس سے ریاست کے عوام کو کئی امیدیں وابستہ تھیں جس پر پانی پھیر گیا ہے ۔ گذشتہ سال کے بہ نسبت مجموعی طور پر بجٹ میں صرف 9 ہزار کروڑ روپئے کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس سے عوام کو کچھ بھی بھلا نہیں ہوگا ۔ آبپاشی پراجکٹس کے لیے بجٹ میں صرف 23 ہزار کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔ اتنی تھوڑی رقم سے 12 آبپاشی پراجکٹس کیسے تعمیر کرسکتے ہیں ۔ حکومت سے سوال کیا ۔ سامبا شیوا راؤ نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے بے حساب فلاحی اسکیمات کا وعدہ کیا گیا لیکن اس پر عمل آوری کے لیے بجٹ میں رقمی گنجائش فراہم نہیں کی گئی ۔ اس بجٹ میں ایس سی ، ایس ٹی سب پلان کے لیے جو فنڈس مختص کئے گئے ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔۔ 2