عوام کی توجہ ہٹانے کی بھی کوششیں ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کا الزام
حیدرآباد 4 فبروری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ پردیش کانگریس نے مرکزی بجٹ میں ریاست سے ناانصافی کے خلاف احتجاج درج نہ کروانے پر ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ پردیش کانگریس کے خازن جی نارائن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے ساتھ مرکزی بجٹ میں بی جے پی حکومت نے انصاف نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے تھے ان میں سے کسی کو پورا نہیں کیا گیا ۔ ریلوے کوچ فیکٹری قاضی پیٹ ‘ بیارم میں اسٹیل پلانٹ یا پھر دوسرے مرکزی پراجیکٹس شروع ہی نہیں کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ کی سفارشات کے باوجود تلنگانہ کیلئے مشن بھاگیرتا ‘ مشن کاکتیہ اور کالیشورم پراجیکٹ کیلئے فنڈز جاری نہیں کئے گئے ہیں اس کے باوجود کے سی آر کے پاس اتنی جرات نہیں ہے کہ وہ مودی حکومت کے خلاف احتجاج درج کرواسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ کے سی آر یکم فبروری کو بجٹ کی پیشکشی کے فوری بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے اور اپنا احتجاج درج کرواتے لیکن چیف مسٹر نے نہ صرف خاموشی اختیار کرلی بلکہ وہ عوام کی توجہ بھی اس جانب سے مبذو ل کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر حالانکہ وزیر اعظم مودی کے خلاف لب کشائی کر رہے ہیں لیکن ان کا لب و لہجہ انتہائی نرم ہے ۔ چیف منسٹر کو مستحکم انداز میں حکومت کے خلاف بیان کرنا چاہئے ۔ مسٹر نارائن ریڈی نے کہا کہ مرکز کے خلاف کے سی آر کی خاموشی سے واضح ہوگیا ہے کہ وہ موافق مودی اور موافق بی جے پی ہیں۔