نظام آباد :ضلع یوتھ کانگریس کی جانب سے آج مرکزی بجٹ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے علامتی پتلہ کو نذرآتش کیا گیا ۔ ضلع یوتھ کانگریس کے صدر جے وی یادو نے بتایا کہ ریاستی صدر شیو سینا ریڈی کی ہدایت پر آج تلنگانہ کے تمام اضلاع میں مرکزی حکومت کے عوام دشمن بجٹ کیخلاف احتجاجی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں اسی کے تحت نظام آباد میں ریلوے اسٹیشن چوراستہ پر احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا اور وزیر اعظم نریندر مودی کے علامتی پتلہ کو نذرآتش کیا گیا ۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن کی جانب سے پیش کردہ بجٹ انتہائی مایوس کن رہا بنگال، ٹاملناڈو، آسام کے انتخابات کو نظر میں رکھتے ہوئے ان ریاستوں کیلئے بڑے پیمانے پر فنڈس مختص کئے گئے اور تلنگانہ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا اور یہ بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ کی نا اہلی کا نتیجہ ہے ۔ ہلدی بورڈ کے قیام کے وعدہ کو فراموش کرنے کے علاوہ کرونا کی وباء کے باعث شدید معاشی طور پر بحرانی کا سامنا کرنی والی عوام کو مرکز ی حکومت پٹرول ، ڈیزل کا بوجھ عائد کرتے ہوئے اور بھی بوجھ ڈال رہی ہے اس سے قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگا مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا اور عوام کو راحت پہنچانے کیلئے بجٹ میں فنڈس مختص کرنے کا مطالبہ کیا ۔