بجٹ میں سوتیلا رویہ ، کھرگے کا ریمارک

   

نئی دہلی: کانگریس کی قیادت میں انڈیا اتحاد کے ارکان پارلیمنٹ نے چہارشنبہ کے روز یونین بجٹ 2024-25 پر بحث کے دوران راجیہ سبھا سے علامتی واک آؤٹ کیا اور الزام لگایا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارامن کی تجاویز امتیازی تفریق پر مبنی اور وفاقیت کے اصولوں کے خلاف ہیں۔ واک آؤٹ کے بعد اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جمع ہوئے اور حکومت اور بجٹ کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس سے پہلے ، بجٹ پر بحث کے دوران راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھرگے نے کہاکہ ہم بجٹ کی مذمت کرتے ہیں۔ اس میں کوئی توازن نہیں ہے ، کوئی ترقی نہیں ہے۔ حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ کے ایوان بالا سے واک آؤٹ کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ بجٹ فریب پر مبنی ہے اور اس میں کوئی انصاف نہیں ہے۔ کھرگے نے کہاکہ حکومت کا یہ بجٹ صرف اپنے اتحادیوں کو مطمئن کرنے کیلئے ہے۔ انہوں نے دوسروں کو کچھ نہیں دیا۔