نئی دہلی، 02 فروری (یواین آئی) دہلی کی وزیرِاعلیٰ ریکھا گپتا نے پیر کو کہا کہ اس بار پیش کیا گیا مرکزی بجٹ “وِکست بھارت” کے وژن کو ظاہر کرتا ہے اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرتے ہوئے ملک کی معیشت کو مضبوط کرے گا۔ ریکھا گپتا نے دہلی سکریٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کو بجٹ میں 1,348 کروڑ روپے کا الاٹمنٹ ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ “سب کا ساتھ، سب کا وِکاس” کے ویژن کو حقیقت میں بدلنے میں مدد کرے گا اور ہندوستان کی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ “یہ بجٹ نوجوانوں کو بااختیار بناتا ہے ، معیشت کو مضبوط کرتا ہے اور اس کا فائدہ ہر طبقے تک پہنچے گا۔ اسے اگلی نسل کا بجٹ کہنا غلط نہیں ہوگا۔” وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ اس الاٹمنٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے دہلی حکومت مرکز کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ دہلی کے لیے خاص طور پر مختص 1,348 کروڑ روپے کے علاوہ مرکز نے دو مرکز کے زیرِانتظام علاقوں، دہلی اور پڈوچیری کے لیے ایس اے ایس سی آئی کے تحت 15,380 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جو دونوں کے درمیان تقسیم ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم بڑھائی گئی ہے اور دہلی حکومت یہ یقینی بنائے گی کہ شہر کو اس کا زیادہ سے زیادہ حصہ ملے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مرکز کے زیرِانتظام علاقوں کے لیے مرکز کی کفالت والی اسکیموں کے تحت 13,611 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں، جس سے دہلی کو مزید فائدہ ہوگا۔ ریکھاگپتا نے کہا کہ دہلی کے مرکزی اسپتالوں کو بڑھا ہوا فنڈ ملا ہے ، جس سے شہریوں کو براہِ راست فائدہ ہوگا۔ انہوں نے پانچ نئے تعلیمی مراکز کے قیام کی مرکز کی اعلان کا بھی خیرمقدم کیا۔
اور کہا کہ دہلی کو اس اقدام سے فائدہ ہونے کی امید ہے ، جس میں نریلا کو ایک تعلیمی مرکز کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ بھی شامل ہے ۔ نوجوانوں پر مرکوز اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے ہاسٹل، کانٹینٹ کریئشن لیب، تحقیق کے لیے اے آئی لیب اور آئی ٹی ہب کی ترقی سے متعلق اعلانات اہم ہیں اور دہلی کو مستقبل کے لیے تیار شہر کے طور پر قائم کرنے میں مدد کریں گے ۔