لکھنؤ،3مئی (سیاست ڈاٹ کام)سماجوادی پارٹی کے صدراکھیلیش یادو نے بی جے پی حکومت پر غریبوں کا استحصال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بحران کے وقت استحصال کرنا سود خوروں کا کام ہوتا ہے ،حکومت کا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرین سے گھر واپس جانے والے غریب،بے بس مزدوروں سے پیسہ لیا جانا بے حد شرمناک ہے ۔اب تو اترپردیش میں آروگئے سیتو ایپ سے بھی 100وصولنے کی خبر ہے۔ یادو نے ٹویٹ کر کے کہا ‘‘ٹرین سے واپس گھر لے جائے جارہے غریب،بے بس مزدوروں سے بی جے پی حکومت کے پیسہ لئے جانے کی خبر بے حد شرمناک ہے ،آج صاف ہوگیا کہ صنعتکاروں کا اربوں قرض معاف کرنے والی بی جے پی حکومت امیروں کے ساتھ ہے اور غریبوں کے خلاف۔پریشانی کے وقت استحصال کرنا سود خوروں کا کام ہوتا ہے ،حکومت کا نہیں۔’’انہوں نے کہا‘‘اب تو بی جے پی کے حامی بھی یہ سوچ رہے ہیں کہ اگر سماج کے سب سے غریب طبقے سے بھی گھر بھیجنے کے لئے حکومت کو پیسہ لینے تھے تو طرح طرح کے فنڈ میں جو کھربوں روپے تمام دباؤ اور جذباتی اپیل کرکے ڈلوایا گیا ہے اس کا کیا ہوگا؟اب تو اترپردیش میں خواتین قرنطینہ سینٹر کی بدانتظامی کے خلاف بھوک ہڑتال پر بیٹھی ہیں۔انہوں نے کہاکہ شکایت کرنے پر خواتین کو حکومت اور انتظامیہ کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ایسے میں پھولوں کی بارش کا کیا مطلب ہے ۔؟‘‘