مناما: بحرین نے خلیجی ممالک سے آنے والوں کے لیے لازمی کورونا پی سی آرٹسٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ٹیسٹ کے بغیر مشروط داخلے کی اجازت کے قانون پرعملدرآمد عید الفطر کے پہلے روز سے کیاجائے گا۔ویب نیوز ’عاجل‘ نے بحرینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سے آنے والوں کیلیے لازمی کورونا ٹسٹ رپورٹ کا خاتمہ مشروط طورپر کیا جارہا ہے۔خلیجی ممالک سے آنے والے ایسے افراد جنہوں نے کورونا سے بچاو کے لیے ویکسین لگوائی ہے یا وہ کورونا سے شفایاب ہو چکے ہیں جس کا ثبوت ان ممالک کی سرکاری طورپر منظور شدہ ایپس پر موجود ہو انہیں بحرین آکر آئسولیشن میں رہنے یا پی سی آرٹسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔پی سی آر ٹسٹ کے حوالے سے یہ فیصلہ 6 سے 17 برس کے درمیان ان بچوں پر لاگو نہیں ہوگا جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی یا وہ کورونا سے شفایاب نہیں ہوئے۔