بحرین میں پھنسے ورکرس کی واپسی کے لیے مرکز مداخلت کرے

   

وزیر خارجہ جئے شنکر کو جگن موہن ریڈی کا مکتوب، سینکڑوں ورکرس پریشان حال
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) بحرین میں طویل عرصہ سے پھنسے ہوئے آندھرا پردیش کے ورکرس کو بچانے اور بحفاظت واپسی کیلئے چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے مرکزی حکومت سے تعاون کی خواہش کی ہے۔ چیف منسٹر نے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بحرین میں ہندوستانی ورکرس کے معاملہ میں مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ انہیں بحفاظت وطن واپس لایا جاسکے۔ جگن نے کہا کہ سینکڑوں ہندوستانی ورکرس جن کا تعلق مختلف ریاستوں سے ہے خلیج کے آجرین کی جانب سے بری طرح استحصال کا شکار ہوئے ہیں۔ روزگار اور تنخواہ سے محروم ہندوستانی ورکرس فاقہ کشی پر مجبور ہیں اور انہوں نے واپسی کے انتظامات کی اپیل کی ہے۔ جگن نے وزیر خارجہ سے ہندوستانی ورکرس کی واپسی کے انتظامات کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت بحرین سے ورکرس کی واپسی کیلئے مرکز کو ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے جئے شنکر سے کہا کہ وہ نئی دہلی میں اے پی بھون یا چیف منسٹر آفس کے عہدیداروں سے ربط قائم کرنے کیلئے وزارت خارجہ کے عہدیداروں کو متعین کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ پریشان حال ورکرس ہندوستانی سفارتخانہ کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن انہیں کوئی راحت نہیں ملی۔ وہ سڑکوں پر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔R