منامہ، 11 مئی (یو این آئی) بحرین نے شام کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بارے میں بات چیت کی ہے ۔یہ اطلاع وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی نے ہفتے کے روز شام کے صدر احمد الشرع کے بحرین کے دورہ کے موقع پر دی۔ شام کے وزیر خارجہ اسد الشیبانی کے ہمراہ صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے ، مسٹر الزیانی نے کہا کہ بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے احمد الشرع کے ساتھ وسیع پیمانے پر بات چیت کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت میں تجارت، شہری ہوا بازی، توانائی، صحت اور تعلیم سمیت شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے شام کی تازہ ترین پیش رفت کا بھی جائزہ لیا، جس میں سلامتی، استحکام اور سماجی اتحاد کو برقرار رکھنے کی قومی کوششیں شامل ہیں۔اپنی طرف سے مسٹر الشیبانی نے اس دورے کو دو طرفہ تعلقات کے لیے اہم قرار دیا، جو باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ایک نئے باب کا آغاز کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شام بحرین کو اپنی تعمیر نو میں ایک فعال شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے اور شام کی معیشت کی بحالی کی کوششوں میں ایک اہم شراکت دار ہے ۔ انہوں نے شام کی طرف سے اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کے مطالبے کو دہرایا، اسے ایک انسانی اور علاقائی ضرورت قرار دیا، کیونکہ شام میں استحکام علاقائی سلامتی میں مثبت رول ادا کرے گا اور ہجرت، غریبی اور انتہا پسندی کو کم کرے گا