نئی دہلی، 12 دسمبر(آئی اے این ایس) بحرین کے فاسٹ بولر علی داؤد نے بھوٹان کے خلاف شاندار کارکردگی دکھا کر مردوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے لکھوا لیا۔ 33 سالہ داؤد نے 19 رنزکے عوض 7 وکٹیں لے کر ٹی ٹوئنٹی تاریخ کی دوسری بہترین بولنگ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ ان سے قبل صرف ملائیشیا کے ادریس ہی ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں سات وکٹیں حاصل کر پائے تھے۔ گلیفو میں کھیلے گئے میچ میں داؤد نے بھوٹان کی بیٹنگ لائن کو یکسر ہلا کر رکھ دیا اور بحرین کو پانچ میچوں کی سیریزکے تیسرے میچ میں 35 رنز سے کامیابی دلا دی۔ تیسرے اوور میں بولنگ پر آتے ہی انہوں نے دو ابتدائی وکٹیں حاصل کر کے میزبان ٹیم کو 11/3 پر لا کھڑا کیا، پھر ڈیتھ اوورز میں واپس آ کر نچلے آرڈر کو تہہ و بالا کردیا۔ سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے داؤد نے اپنے تباہ کن اسپیل میں 16ویں اوور میں تین وکٹیں اور اگلے اوور میں مزید دو وکٹیں حاصل کیے۔ اگرچہ بھوٹان نے چوتھی وکٹ پر 67 رنزکی شراکت قائم کی، لیکن پوری ٹیم 125 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بحرین نے اس سے قبل 160/4 بنائے تھے اور اس کامیابی کے ساتھ سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی۔ داؤدکی 7-19 کی کارکردگی اب بھی ادریس کے 7-8 کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، جو انہوں نے 2023 میں آئی سی سی ایشیا بی کوالیفائر میں چین کے خلاف حاصل کیے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ادریس کی تمام سات وکٹیں بولڈ تھیں۔ ٹی ٹوئنٹی تاریخ کی بہترین کارکردگیوں میں سنگاپور کے ہرش بھرادو واج (6-3 بمقابلہ منگولیا، 2024)، نائجیریا کے پیٹر آہو (6-5 بمقابلہ سیئرالیون، 2021) اور ہندوستان کے دیپک چہر (6-7 بمقابلہ بنگلادیش، 2019) بھی شامل ہیں۔ آئی سی سی کے مکمل رکن ملکوں میں بہترین بولنگ ریکارڈ دیپک چہرکے پاس ہے، جو انہوں نے ناگپور میں بنایا تھا۔ علی داؤد اب تک 64 ٹی ٹوئنٹی میں 96 وکٹیں لے چکے ہیں، ان کی اوسط 14.10 اور اکانومی ریٹ صرف 5.96 ہے۔ بھوٹان کے خلاف یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی آئی کی پہلی فائیو وکٹ ہال تھی، جبکہ وہ تین مرتبہ چار وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔
