مناما: وزیر اعظم بحرین شہزادہ خلیفہ بن سلمان کا امریکہ کے مایو کلینک میں انتقال ہوگیا۔ان کی نعش وطن عزیز لائی جائے گی جس کے بعد تجہیز و تکفین اور نماز جنازہ ادا کی جائے گی تاہم یہ رسم محض قریبی رشتہ داروں تک محدود ہوگی۔بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے ملک بھر میں ایک ہفتہ سوگ کا اعلان کیا ہے جس کے دوران سرکاری پرچم سرنگوں کیے جائیں گے نیز کل جمعرات سے تمام سرکاری محکموں میں تین دن تعطیل ہوگی۔پرنس خلیفہ بحرین کے طویل ترین دورانیے تک وزیر اعظم رہے۔ وہ 1970 میں بحرین کے وزیر اعظم بنے تھے اور اپنی وفات تک اس عہدے پر فائز رہے۔شہزادہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ 24 نومبر 1935 کو پیدا ہوئے۔ وزیر اعظم بننے سے قبل وہ سٹیٹ کونسل اور سپریم ڈیفنس کونسل کے بھی سربراہ رہے۔