نئی دہلی : بحریہ کے اعلیٰ کمانڈروں کی چار روزہ کانفرنس پیر سے یہاں شروع ہوگی جس میں بحری سلامتی سے متعلق اسٹریٹجک اہمیت کے معاملات، بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور دیگر موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی قومی سلامتی سے متعلق امور پر اعلیٰ کمانڈروں کے ساتھ بات چیت کریں گے ۔ چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ائیر اسٹاف کانفرنس میں بحریہ کے اعلیٰ کمانڈروں کے ساتھ تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور مشترکہ آپریشن کے لیے موزوں حالات پربات چیت کریں گے ۔ بحریہ کے کمانڈروں کی کانفرنس ایک ایسا فورم ہے جہاں اعلیٰ فوجی افسران اعلیٰ سرکاری حکام کے ساتھ فورس سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار سینئر کمانڈروں کے ساتھ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اہم آپریشنل مشنز، فوجی سازوسامان، افرادی قوت، تربیت اور انتظامی سرگرمیوں سے متعلق معاملات کا جائزہ لیں گے ۔اس کے علاوہ مستقبل کی اہم سرگرمیوں سے متعلق منصوبوں اور اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانفرنس میں پڑوسی ممالک میں سیکورٹی کے منظر نامے اور روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے باعث بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی بات کی جائے گی۔