محصور افراد تک غذاء کی فراہمی، مزید چار ہیلی کاپٹرس بھی آئیں گے، 10 این ڈی آر ایف ٹیموں کی آمد
حیدرآباد2 ستمبر (سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کیلئے بحریہ کے ہیلی کاپٹرس مشغول ہوچکے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے وزیراعظم مودی سے امدادی کاموں کے سلسلہ میں تعاون کی اپیل کرکے بحریہ کے ہیلی کاپٹرس کی مدد کی خواہش کی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ بحریہ کے تین ہیلی کاپٹرس بچاؤ اور امدادی کاموں میں مصروف ہوچکے ہیں۔ حکومت کی نگرانی میں یہ ہیلی کاپٹرس پانی میں گھرے علاقوں تک امدادی سامان پہنچا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکیم پیٹ ایر بیس سے مزید 4 ہیلی کاپٹرس جلد امدادی کاموں میں شامل ہوجائیں گے۔ حکومت نے ہیلی کاپٹرس کی مدد سے متاثرین تک ضروری اشیاء پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تاحال 297500 خاندانوں کو ہیلی کاپٹرس کے ذریعہ غذائی اشیاء فراہم کی گئیں۔ بحریہ کے ہیلی کاپٹرس پانی کے بہاؤ میں زیر آب علاقوں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ضرورت پر پھنسے ہوئے افراد کو منتقل کیا جاسکے۔ حکومت نے وجئے واڑہ شہر میں 78 ریلیف کیمپس قائم کئے ہیں جہاں متاثرہ خاندانوں کو منتقل کیا گیا ہے۔ شدید بارش اور سیلاب سے وجئے واڑہ اور دیگر علاقوں میں سڑکوں کو بھاری نقصان پہنچا۔ آبپاشی پراجکٹ کی سطح میں اضافہ کے سبب فلڈ گیٹس کو کھول دیا گیا تاکہ اضافی پانی کا اخراج عمل میں آئے۔ پرکاشم بیاریج سے 1141276 کیوسک پانی جاری کیا گیا۔ متاثرین کو امدادی اور غذائی اشیاء کی سربراہی کیلئے این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو متحرک کردیا گیا ۔ امراوتی میں قائم کردہ کمان کنٹرول سنٹر سے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ امدادی کاموں اور خاص طور پر پانی میں گھرے افراد کو غذائی اشیاء کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ ٹاملناڈو سے 4 ، پنچاب سے 4 اور اڈیشہ سے این ڈی آر ایف کی 3 ٹیمیں امدادی کاموں کے سلسلہ میں وجئے واڑہ پہنچ چکی ہیں۔ یہ ٹیمیں کشتیوں کے ذریعہ متاثرہ علاقوں تک پہنچ رہی ہے ۔ 1