ثناء : یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد نے آج اعلان کیا ہے کہ بحر احمر کے جنوب میں حوثی ملیشیا کی دو دھماکا خیز کشتیوں کے ذریعے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔عرب اتحاد نے مزید بتایا کہ اس نے گولہ بارود سے بھری دونوں ڈرون کشتیوں کو حملے سے پہلے ہی یمن میں الصلیف کی بندرگاہ کے سامنے تباہ کر دیا۔اتحاد کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے سمندری جہاز رانی اور عالمی تجارت کے لیے سنگین خطرات پیدا کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔اس سے قبل گذشتہ پیر کے روز عرب اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ بحر احمر کے جنوب میں حوثی ملیشیا کی جانب سے دھماکا خیز کشتی کے ذریعے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔اتحاد نے زور دیا تھا کہ حوثی ملیشیا اسٹاک ہوم معاہدے کی آڑ میں الحدیدہ سے معاندانہ حملے کر رہی ہے۔عرب اتحاد کی مشترکہ فورسز کی قیادت بارہا باور کرا چکی ہے کہ وہ شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق مطلوبہ عملی اقدامات کر رہا ہے۔