ہانولولو۔/26 اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ایوان نمائندگان میں ہوائی کی نمائندگی کرنے والی رکن تلسی گبارڈ نے جو صدارتی امیدواری کی مہم پر طویل عرصہ سے اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہیں آج کہا کہ وہ کانگریس کی رکنیت کیلئے ہونے والے انتخابات میں حصہ نہیں لیں گی جہاں ریاستی سنیٹرس ان کی نشست سے مقابلہ کی کوشش میں مصروف ہیں۔ 38 سالہ ڈیموکریٹک لیڈر گبارڈ نے کہا کہ جنگوں کے خطرات، بین الاقوامی کشیدگی اور نئی سرد جنگ کے اندیشوں نے انہیں اس بات پر مجبور کیا ہے کہ وہ صدارتی دوڑ پر توجہ مرکوز کریں۔تلسی گبارڈ نے جمعرات کو رات دیر گئے جزائر ہوائی اور جمعہ کے اوائل ایسٹ کوسٹ میں آن لائن ویڈیو ریکارڈنگ جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ ’’ میرا ایقان ہے کہ بحیثیت صدر امریکہ و کمانڈر اِنچیف میں ہوائی اور اپنے ملک کے عوام کی بہترین خدمت کرسکتی ہوں۔‘‘