بحیرہ احمر میں تجارتی جہازو ں پر حملوں میںایران ملوث : امریکہ

   

واشنگٹن : امریکہ نے بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں پر حملوں کی ذمہ داری ایران پر عائد کی ہے۔ امریکی مشیر برائے قومی سلامتی جیک سلیوان نے وائٹ ہاوس میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اس بات کا اظہار کیا۔ سلیوان نے کہا کہ امریکہ نے مزید حملوں کی روک تھام کیلئے بحری قوتوں کے قیام کی خاطربعض ممالک سے رابطے کیے ہیں،امید ہے کہ ہم مشاورت کے نتیجے میں مناسب اقدامات لیں گے جن پر عمل درآمد کا طریقہ کار بھی ہم وضع کریں گے۔ مشیر نے جنوبی بحری احمر میں امریکی بحری جہاز یو ایس ایس کارنی کی طرف سے تجارتی جہازوں کی مدد کرنے اور تین ڈرونز مار گرانے سے متعلق کہا کہ یہ اقدام قابل تعریف رہا ہے۔جیک سلیوان نے اس بات کا بھی دفاع کیا کہ تجارتی جہازوں پر حملوں کے پس پردہ ایران ہے۔یاد رہے کہ امریکی مرکزی کمان سینٹ کام نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ بحیرہ احمر کے جنوب میں عالمی پانیوں میں موجود تین تجارتی جہازوں پر چار بار حملوں کی کوشش کی گئی جنہیں ہمارے بحری بیڑے یو ایس ایس کارنی نے ناکام بنا دیا تھا۔