بدایوں: آنگن واڑی ورکر کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل

   

پادری کے 2 ساتھی گرفتار ،یوگی حکومت کٹہرے میں:پرینکاگاندھی
بدایوں (یوپی) : اترپردیش کے ضلع بدایوں میں ایک 50 سالہ آنگن واڑی ورکر کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی اور مبینہ طور پر اس کا قتل کردیا گیا۔ پولیس نے خاطی پادری اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں عصمت ریزی کی توثیق کے بعد پادری کے ساتھ شریک جرم دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پادری فرار بتایا گیا ہے۔ خاتون کے پیر اور پسلیاں توڑ دی گئیں اور اس کے مخصوص اعضاء کو بری طرح زخمی کردیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد شہر میں زبردست احتجاج شروع ہوا۔ پولیس نے دو دن بعد ایف آئی آر درج کیا۔ اپوزیشن پارٹیوں نے ریاست کی یوگی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ یہ ہولناک و شرمناک واقعہ مودی اور یوگی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اتر پردیش کی انچارج کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکاگاندھی واڈرا نے بدایوں میں آنگن واڑی معاون کیساتھ اجتماعی آبروریزی کے واقعے کو دبانے کی پولیس کی کارروائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکومت خواتین کی حفاظت کے سلسلے میں مسلسل ناکام ثابت ہو رہی ہے ۔ واڈرا نے کہا ، “ہاتھرس میں سرکاری عملے نے ابتداء میں متاثرین کی نہیں سنی ، حکومت نے افسران کو بچایا اور آواز دبائی۔ بدایوں میں تھانیدار نے فریادی کی نہیں سنی، واقعہ کا معائنہ تک نہیں کیا۔ خواتین کی سلامتی کے بارے میں اتر پردیش حکومت کی نیت میں کھوٹ ہے‘‘۔بہوجن سماج پارٹی صدر مایاوتی نے بدایوں میں ایک خاتون کے ساتھ عصمت دری اور قتل کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے خاطیوں کو سخت سز دلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔