بدایوں: یوپی کے ضلع بدایوں میں برڈ فلو کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے پرندوں سمیت ہر قسم کے گوشت کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔ سرکاری معلومات کے مطابق برڈ فلو کا پہلا کیس بدایوں کے بلسی نگر میں سامنے آیا ہے۔چکن کے نمونے کی ٹسٹ رپورٹ میں برڈ فلو کی تصدیق ہونے کے بعد حکام نے احتیاط میں اضافہ کیا ہے۔بلسی علاقہ کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رادھیشیم بہادر سنگھ نے بتایا کہ مقامی شاپ سے ویٹرنری ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ لئے گئے چکن کے نمونوں میں برڈ فلو کی تصدیق ہوگئی ہے۔چکن کے گوشت کی فروخت پر فوری طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کلومیٹر کے دائرے میں چکن کی دکانوں اور پولٹری فارم سے نمونے لئے جارہے ہیں، دس کلو میٹر کے اندردکانوں اور پولٹری فارموں کو سینٹائزیشن کرایاجائے گا۔